گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ نے اپنی کابینہ کا اعلان کر دیا

18 Jul, 2023 | 09:23 AM

مانیٹرنگ ڈیسک: گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے اپنی کابینہ کا اعلان کردیا ۔

رات گئے کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 14 رکنی کابینہ 4 سینیئر وزیر،8 وزراء اور 2 مشیروں پر مشتمل ہے۔تمام 14 ارکان کو رات گئے قلمدان بھی تفویض کردیے گئے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سینیئر وزیر سید امجد زیدی تعمیرات، سینیئر وزیر غلام محمد کو خوراک وسیاحت، سینیئر وزیر انجینیئر محمد اسماعیل کو خزانہ،سینیئر وزیر عبد الحمید کو بلدیات کے قلمدان دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ فتح اللہ خان ترقیات و منصوبہ بندی،سہیل عباس قانون و صحت اور شمس الحق کو داخلہ کی وزارت دی گئی ہے جبکہ غلام شہزاد آغا تعلیم اور دلشاد بانو کو محکمہ سوشل ویلفیئر وترقی نسواں کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مشتاق حسین کو پانی و بجلی اور حاجی رحمت خالق کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا قلمدان دیا گیا جبکہ حاجی شاہ بیگ جنگلات،جنگلی حیات وماحولیات کے قلمدان کے ساتھ وزیراعلیٰ کے مشیر مقرر کیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں  ثریا زمان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قلمدان کے ساتھ وزیراعلیٰ کی مشیرکی حیثیت سے کابینہ میں شامل ہیں ۔نئی کابینہ میں شامل وزراء آج گورنر ہاؤس میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نئی کابینہ اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیں گے۔

مزیدخبریں