شاہد ندیم سپرا:عیدالاضحیٰ کے قریب آنے کے باوجود لکھوڈیہر مویشی منڈی میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، رواں سال قیمت میں بیس سے تیس فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے ہر صاحبِ حیثیت شہری کی خواہش ہوتی ہے کہ خوبصورت جانور کو اللہ کی راہ میں قربان کرے، مویشی منڈی لکھوڈیہر میں خوبصورت جانور تو موجود ہیں لیکن قیمت عام شہری کی قوت خرید میں نہیں رہی۔ بکرے کی قیمت میں گزشتہ سال کی نسبت بیس ہزار، دنبہ پندرہ ہزار جبکہ بیل کی قیمت میں اسی ہزار سے ایک لاکھ روپے تک اضافہ ہو ا ہے، جس کی وجہ سے گاہک خالی ہاتھ لوٹ رہے ہیں۔
دوسری جانب بیوپاری مہنگائی کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جانوروں کی خوراک کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے ریٹ بڑھ گیا اور یہ گاہک کی سمجھ میں نہیں آ رہا۔ چھٹی کے روز بارش سے موسم خوشگوار تو ہوا لیکن یہ موسم بھی گاہکوں کو مویشی منڈی کی طرف راغب نہ کر سکا۔
لکھو ڈیہر مویشی منڈی میں گاہک نہ ہونے کے برابر ہے، بیوپاری گاہک کا انتظار کر رہے ہیں تو گاہک شائد اس بات کے منتظر ہیں کہ عید کے مزید قریب آنے سے قیمتوں میں کمی آ جائے گی۔