مسافر ٹرینوں کے انتظار میں دربدر ہونے لگے

18 Jul, 2021 | 02:27 PM

Arslan Sheikh

سعید احمد سعید:عید اپنوں کیساتھ منانے کی خواہش لیے مسافر ٹرینوں کے انتظار میں دربدر ہونے لگے۔ لاہور ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر، کراچی سے لاہور آنے اور واپس جانے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار، مسافر سخت گرمی میں ٹرینوں کے انتظار میں پلیٹ فارم پر بیٹھنے پر مجبور ہوگئے۔

تفسیلات کے مطابق عید اپنوں کیساتھ منانے کی خواہش لیے مسافر ٹرینوں کے انتظار میں دربدر ہونے لگے۔ لاہور ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا، کراچی سے لاہور آنیوالی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں، ایک طرف ٹرینیں گھنٹوں لیٹ تو دوسری طرف مسافر سخت گرمی میں پلیٹ فارم پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔

پریشان حال مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ بلندوبانگ دعوے کی بجائے اپنی کارکردگی بہتر کرے۔غریب کی سواری ٹرین اب غریب کی نہیں رہی۔ ہر سال عید پر ٹرین کے ذریعے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ ہر سال ہی مسافروں کیساتھ ایسا رویہ رکھا جاتا ہے، ریلوے سٹیشن پر نہ پنکھے ہیں، نہ بیٹھنے کیلئے بنچ اور نہ ہی صاف پانی میسر ہے۔

دوسری جانب عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان ریلوے پولیس نے سخت سکیورٹی انتظامات کر لئے۔ آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز خان کی ہدایات پر تحریری احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں پر ریلوے پولیس کی نفری بڑھا دی گئی۔ اہم تنصیبات اور ریلوے اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر ریلوے پولیس کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں۔ ریلوے مسافروں کی جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔

آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے۔ ریلوے کی حدود میں آنے والی مساجد اور امام بارگاہوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ مشکوک اورغیر متعلقہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی بم ڈسپوزل عملہ سے مکمل سویپنگ کروائی جائے۔ 

مزیدخبریں