انٹری ٹیسٹ میں شمولیت کیلئے فارم جمع کرانے کا وقت ختم

18 Jul, 2020 | 05:50 PM

Malik Sultan Awan

(اکمل سومرو) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت انٹری ٹیسٹ میں شمولیت کیلئے رجسٹریشن کرانے کی مقررہ تاریخ ختم ہوگئی، آخری روز یو ای ٹی مین کیمپس میں امیدواروں کی لمبی قطار لگ گئی۔
یو ای ٹی کے تحت انٹری ٹیسٹ میں شمولیت کیلئے فارم جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے امیدواروں کو ٹوکن اور پراسپکٹس جاری کیے گئے جن پر کوڈز درج ہیں۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق کوڈز کے ذریعے طلباء انٹری ٹیسٹ کیلئے کمپیوٹر میں لاگ ان کی سہولت میسر آئے گی۔ آخری روز امیدواروں کے رش کے باعث پراسپیکٹس ختم ہونے پر ٹوکن جاری کیے گئے۔

یو ای ٹی کے تحت فرضی انٹری ٹیسٹ کا انعقاد چھبیس اور ستائیس جولائی کو کیا جائے گا جبکہ ٹیسٹ کا انعقاد تین اگست سے کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کے مطابق انٹری ٹیسٹ چھ اگست تک جاری رہیں گے اور اس کیلئے ورچوئل یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپسز میں کمپیوٹر پر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ یو ای ٹی نے انٹری ٹیسٹ کے ساتھ ہی امیدواروں کو داخلہ فارم بھی فروخت کر دیے ہیں، یونیورسٹی نے پراسپکٹس کی ایک ہزار پانچ سو روپے قیمت مقرر کی تھی۔

قبل ازیں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے  انٹری ٹیسٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا، انجنیرنگ اداروں میں داخلوں کیلئے 3 اگست سے لے کر 6 اگست تک  انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ یو ای ٹی نے  انٹری ٹیسٹ کیلئے حتمی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ کمپیوٹرز پر آن لائن فرضی ٹیسٹ 27 اور 28 جولائی کو لیا جائے گا جبکہ  انٹری ٹیسٹ 3 سے 6 اگست تک ہوں گے۔ بی ایس سی انجینئرنگ اینڈ بی ایس سی انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں داخلے کے لئے  انٹری ٹیسٹ میں پہلے سے رجسٹرڈ طلبہ و طالبات شامل ہوسکتے ہیں۔

انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے طلبہ وطالبات کے کارڈزاپ ڈیٹ کردئیے گئے ہیں۔ ٹیسٹ میں شامل طلباء یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے کارڈ ڈائون لوڈ کرکے پرنٹ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کووڈ 19 اور لاک ڈاون کے باعث  انٹری ٹیسٹ کو موخر کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں