(راؤ دلشاد) پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات سےقبل میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور سمیت 455 بلدیاتی اداروں کو مالیاتی طور پر مضبوط کرنے کا فیصلہ، 17 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت کمیٹی کے چیئرمین نامزد جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب و وزیر بلدیات سردارعثمان بزدار کو چیئرمین ہوںگے۔
پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مالیاتی طور پر مضبوط کرنے کے لیے بلدیاتی انتخابات سے قبل محاصل کی تقسیم کا فارمولا طے کرنے کا فیصلہ کرلیا، جو کہ بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز سمیت دیگر مالی معاملات کے حل کی جانب اہم پیش رفت ہے، رواں مالی سال کے دوران وفاقی حکومت سے موصول ہونے والے محاصل کی مساویانہ تقسیم کے لیے 17 رکنی لوکل گورنمنٹ مالیاتی کمیشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب وصوبائی وزیر بلدیات سردارعثمان بزدار پنجاب لوکل گورنمنٹ مالیاتی کمیشن کمیٹی کے کوچیئرمین ہونگے، جبکہ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کوچیئرمین نامزد کیا گیا، سیکرٹری خزانہ پنجاب لوکل گورنمنٹ مالیاتی کمیشن کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے، جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری ہاؤسنگ ممبرز ہونگے۔
دیگر ممبرز میں ارکان اسمبلی محمد لطیف نذر، سردار اویس دریشک، میاں یاور زمان، سردار اویس احمد خان لغاری شامل ہیں، ماہر اقتصادیات پروفیسرڈاکٹر علی چیمہ، میجر ریٹائرڈ عبدالرحمن رانا، حافظ محمد اسلام، ماہر اقتصادیات ثروت احسن، سربراہ میٹروپولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ، سربراہ ٹاؤن کمیٹی داجل ڈسٹرکٹ راجن پور، سربراہ تحصیل کونسل لیہ اورسربراہ تحصیل کونسل ساہیوال پنجاب لوکل گورنمنٹ مالیاتی کمیشن کےممبرز نامزد کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری فنانس پنجاب عبداللہ خان سنبل نے پنجاب لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کمیٹی ممبرز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
محکمہ بلدیات کے مطابق قبل ازیں پنجاب حکومت میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت چارسوپچپن بلدیاتی اداروں کو محاصل میں سے صرف غیر ترقیاتی گرانٹ جاری کرتی تھی، تاہم کمیٹی کی سفارشات پر بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی گرانٹ پنجاب لوکل گورنمنٹ مالیاتی کمیشن کے فارمولے کے مطابق فراہم کی جاسکے گی۔