بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے کی حالت بگڑ گئی،ہسپتال منتقل

18 Jul, 2020 | 11:51 AM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42) عالمگیر وباء نے دنیا کے196 سے زائد ممالک میں تباہی مچارکھی ہے جس کی وجہ متاثرہ افراد اور ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے،مہلک وائرس نے ہرشعبے سے وابستہ فرد کو متاثر کیا،لالی ووڈ،بالی ووڈ اور ہالی ووڈ سٹارز بھی اس سے محفوظ نہیں،بچن خاندان کی بہومعروف اداکارہ ایشوریا رائے  کی حالت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے لالی ووڈ،بالی ووڈ اور ہالی ووڈ سٹارز بھی پریشان ہیں اور ان دنوں گھروں میں محصور ہیں، مگر کورونا کا خطرہ گھروں میں پہنچ چکا ہے،جہاں کورونا وائرس جیسی عالمی وبا نے چھوٹے بڑے اور خاص و عام کی تفریق کیے بغیر اب تک کئی نامور شخصیات کو نشانہ بنایا ہے وہیں سابقہ مس ورلڈ عالمی شہرت یافتہ بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بھی اس بیماری کا شکار ہو چکی ہیں۔

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن ان کے بیٹے اور اداکارہ ابھیشیک بچن کی فیملی بھی کورونا کا شکار ہے،اداکارہ ایشوریا رائے  کو گھر سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر ایشوریا رائے نے خود کو گھر میں ہی آئسولیٹ کیا تھا مگر حالت مزید بگڑنے پران کو ممبئی کے ناناوتی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس سے قبل ایشوریا رائے کے شوہر اور بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکار ابھیشک بچن کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ انکے والد کے بعد اب انکی اہلیہ ایشوریا سمیت ان کی آٹھ سالہ بیٹی ارادھیہ بھی اس وبائی بیماری کا شکار ہو گئی ہیں جنہیں گھر میں قرنطینہ کیا گیاہے۔

واضح رہے کہ ایشوریا رائے کی ساس یعنی امیتابھ بچن کی اہلیہ اور ابھیشیک بچن کی والدہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے ناناوتی ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہیں جبکہ امیتابھ بچن کی بہو اور پوتی کو بھی اب اسی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں