ٹاؤن ہال(راؤ دلشاد) شہر میں لگنے والی 12 مویشی منڈیوں کے انچارج افسر مقرر کر دیئے گئے، 11مویشی منڈیوں کے انچارج میٹروپولیٹن آفیسرز جبکہ شاہ پور کانجراں منڈی کا انچارج آفیسر کیٹل مینجمنٹ کمپنی سے ہے، انچارج آفیسرز خریداروں اور بیوپاریوں کی شکایت فوری نمٹانے، عملے کی حاضری یقینی بنانے کے پابند ہونگے۔
چیف کارپوریشن آفیسر سید علی عباس بخاری نے ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل کی ہدایت پر منڈیوں کے انچارج نامزد کیے، لکھو ڈیر رنگ روڈ کی مویشی منڈی کے انچارج میٹرو پولیٹن آفیسر ریگولیشن واہگہ زون رانا نوید، ایل ڈی اے سٹی کی مویشی منڈی کے انچارج ایم او انفراسٹرکچر نشترزون عبدالقیوم خان نیازی، پائن ایونیو روڈ کی مویشی منڈی کے انچارج اے ایم او انفراسٹرکچر کلیم اللہ، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کاچھا کی مویشی منڈی کے انچارج ایم او ریگولیشن احسان نشتر زون سرور زیدی، ڈی ایچ اے نائن این بلاک کی مویشی منڈی کے انچارج ایم او ریگولیشن گلبرگ زون رانا شاہد، گجومتہ کی مویشی منڈی کے انچارج اے ایم او انفراسٹرکچر نوید انصاری، حضرت ابوبکر صدیق روڈ کی مویشی منڈی کے انچارج ایم او ریگولیشن راوی زون محمد ادریس ملک،حضرت عثمان روڈ سگیاں کی مویشی منڈی کے انچارج ایم او ریگولیشن داتاگنج بخش زون اختر چوہان، این ایف سی سوسائٹی نزد بحریہ ٹاؤن کی مویشی منڈی کے انچارج ایم او ریگولیشن علامہ اقبال زون شاہد اقبال، رائے ونڈ مانگا منڈی روڈکی مویشی منڈی کے انچارج سپرنٹنڈنٹ ریگولیشن کاظمی شاہ، حویلی تبلیغی مرکز رائے ونڈ سے ملحقہ مویشی منڈی کے انچارج اے ایم او انفراسٹرکچر ملک مظہر کو مقررکیا گیا ہے ۔
دوسری جانب مویشی منڈیاں سجنے کے ساتھ ہی ڈاکو چور اور دھوکہ باز بھی سرگرم ہو گئے، جہاں ملک بھر سے بیوپاری اپنے مویشی بیچ کر سارے سال کی جمع پونجی اکٹھی کرنے آتے ہیں وہیں کچھ دھوکہ باز ان کی اس امید پر پانی پھیر دیتے ہیں۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ کسی کو جعلی نوٹ دیئے جاتے ہیں تو کسی کو کم نوٹ تھما دیئے جاتے ہیں، ایسی وارداتیں ہوتی بھی زیادہ رات کے اوقات میں ہیں۔