لاہور کی فلور ملز سے 1 کروڑ 73 لاکھ کی ریکوری

18 Jul, 2020 | 10:25 AM

Sughra Afzal

 (رضوان نقوی، عثمان علیم) اینٹی کرپشن نے بے ضابطگیوں میں ملوث 5 فلورملز سے ایک کروڑ 73 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی، الراعی فلور ملز، فیروز فلورملز اور سردار پور فلور ملز کی انتظامیہ کو فوری ادائیگی نہ کرنے پر کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

اینٹی کرپشن ٹیم نے شہر کی 64 فلور ملز کاریکارڈ چیک کر کے 7 فلور ملزمیں 3 کروڑ 55 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا سراغ لگایا تھا، شالیمار لنک روڈ پر واقع الرائی فلور ملزایک کروڑ 17 لاکھ روپے کی بے ضابطگی میں ملوث تھی، اس سے 63 لاکھ کی ریکوری کرلی گئی۔

فیروز پور روڈ پر واقع ایم ایس فیروز فلور ملز میں 73 لاکھ روپے کی بے ضابطگی سامنے آئی، اب تک اینٹی کرپشن کو ادائیگی نہیں کی گئی، داتا دربار کے قریب واقع ناصر فلور ملزسے 7 لاکھ  75 ہزار روپے، وی آئی پی فلور ملز سے 30 لاکھ  31 ہزار روپے کی مکمل ریکوری کرلی گئی ہے۔

مانگا روڈ پر واقع واز فلور ملز سے 27 لاکھ 80  ہزار روپے اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع امپیریل فلور ملز سے 44 لاکھ روپے کی مکمل ریکوری کرلی گئی ہے۔

رائیونڈ روڈ پرواقع سردار پور فلور ملز 54 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں میں ملوث تھی تاہم تاحال ریکوری نہیں ہوسکی، فلورملز نے سال 2018ء میں رمضان پیکج کے تحت حکومت سے سستی گندم خرید کر مہنگے داموں بیچ دی تھی۔

فلور ملز نے محکمہ خوراک  کے افسروں کی غفلت سے فائدہ اٹھا کر نگران دور حکومت میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں کیں، فلور ملز نے حکومت سے سستے داموں گندم خرید کر سستا آٹاعوام تک پہنچانے کی بجائے 3  کروڑ 55 لاکھ روپے مالیت کی گندم ہی مہنگے داموں بیچ دی تھی۔

حکومت نے فلور ملز کو100 کلوگرام گندم کی بوری رعایتی نرخوں پر 3200 روپے کی بجائے 2 ہزار روپے میں دی تھی، اینٹی کرپشن ٹیم نے فلورملزکے بجلی کے بلزسے پروڈکشن کا ریکارڈ مرتب کرکے بے ضابطگیوں کا سراغ لگایا تھا۔ ڈائریکٹراینٹی کرپشن لاہو رریجن اے احمر سہیل کیفی نے ادائیگی نہ کرنیکی صورت میں فلور ملز انتظامیہ کو سخت کارروائی کاعندیہ دے دیا ہے۔

گندم ذخیرہ اندوزی میں محکمہ خوارک عملے کی ملی بھگت کا انکشاف بھی ہواہے، انکوائری رپورٹ مرتب کرکے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امجد کیخلاف کارروائی کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو مراسلہ لکھ دیا۔

رپورٹ کے مطابق مطابق اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر گندم خریداری مرکز تحصیل کینٹ امجد ذخیرہ اندوزوں کیساتھ ملی بھگت سے ذخیرہ اندوزی میں ملوث پایا گیا۔موضع ہڈیارہ میں محمد لطیف نامی شخص نے چارہزار گندم کی بوریاں ذخیرہ کیں، جس پر اے سی کینٹ نے کارروائی کرتے ہوئے بوریاں قبضے میں لیں۔

 کارروائی کے دوران میاں راشد جوخود کو کسان ایسوسی ایشن کے نمائندے نے بتایا کہ اس نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرامجد کی ملی بھگت سے کسانوں اور عام عوام کو ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کے خلاف احتجاج کرنے پر اکسایا، اس سے قبل بھی ریونیو سٹاف نے500 گندم کی بوریوں کا ایک ٹرک بی آر بی کے قریب پکڑا، جس کو اسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امجد نے غیر قانونی طور پرچھڑا کر جانے دیا، متعدد مقامات پراسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امجد کی ملی بھگت سے گندم ذخیرہ کی گئی جبکہ امجد ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مارے جانیوالے چھاپوں میں بھی رکاوٹیں ڈالتا رہا، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امجد کے خلاف ذخیرہ اندوزوں کا سہولت کار بننے پر سخت قانونی کارروائی اور فوری ٹرانسفر کیا جائے۔

مزیدخبریں