( سٹی 42 ) اب ہر شہری کسی بھی عمارت پر عائدکردہ پراپرٹی ٹیکس چیک کرسکے گا، محکمہ ایکسائز نے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگیوں کا تمام ریکارڈ آن لائن کرنے کا فیصلہ کرلیا، زیادہ پراپرٹی ہونے کے باوجود کم ٹیکس ادا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے ڈی جی ایکسائز نے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
پراپرٹی ٹیکس چوروں کیلئے بری خبر ہے کیونکہ اب صوبہ بھر کی پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگیوں کا تمام ریکارڈ آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہری ایکسائز کی ویب سائٹ پر جائیداد کا نمبر ڈالیں گے تو ایکسائز کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس، جائیداد کا ایریا اور کیٹگری سمیت تمام ریکارڈ سامنے آجائے گا۔
ریکارڈ آن لائن کرنے کا مقصد پراپرٹی ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیوں کے لیے عوام کو ساتھ شامل کرنا ہے تاکہ شہری زیادہ پراپرٹی ہونے کے باوجود کم ٹیکس دینے والوں کی نشاندہی کریں۔ اس سے کرپٹ اہلکاروں وافسران اور پراپرٹی کے مالک کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی ایکسائز مدثر ریاض ملک نے ریکارڈآن لائن کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی ہے جس میں اربن یونٹ اور ایکسائز کے افسران شامل ہیں۔