ندیم خالد: لاہوربورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو نے موقع پرپہنچ کر آپریشن شروع کر دیا، تقریبا ًدوگھنٹے کی جدوجہد کے بعد ریسکیو نے آگ پر قابوپالیا، آگ کےباعث عمارت میں موجودریکارڈ جلنے کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا۔
لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کےدفترمیں جوابی امتحانی کاپیوں کے ریکارڈ روم میں آگ لگ گئی، لاہور بورڈ کے سکیورٹی گارڈز نے دھواں دیکھتے ہی ریسکیو کو اطلاع کردی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، دھواں زیادہ ہونے اور بجلی بند ہونے سے ریسکیو اہلکاروں کو آگ پر قابو پانے میں خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی چئیر مین بورڈ محمد اسماعیل اورسیکرٹری بورڈ ڈاکٹر ریحانہ انوربھی موقع پرپہنچ گئیں، چئیر مین بورڈ کا کہنا تھا کہ عمارت میں پراناریکارڈ موجود تھا جس کے جلنے کا خدشہ ہے، آگ لگنے کی کیا وجوہات ہیں اس کی تحقیقات کی جائیں گی اوراگرحکومت کوئی تحقیقاتی کمیٹی بنانا چاہتی ہے تووہ بھی بناسکتی ہے۔
ریسکیواہلکاروں نے آگ پرمکمل طور پرقابوپالیا، بورڈ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ آتشزدگی سے ہونیوالے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔