چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی زیرِ صدارت اجلاس،سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کا فیصلہ

18 Jan, 2025 | 04:54 PM

Ansa Awais

ملک اشرف : چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مس عالیہ نیلم کی زیر سربراہی فل کورٹ اجلاس میں سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا.

 چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی زیرِ صدارت فل کورٹ اجلاس مرکزی لائبریری ہال میں منعقد ہوا، جس میں ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی سمیت دیگر ججز نےشرکت کی ،فل کورٹ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ، لاہور پرنسپل سیٹ و ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی بنچزاور صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں زیر التواء مقدمات خصوصاََ پرانے مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کے لئے متعدد تجاویز دی گئیں اور ان تجاویز کی روشنی میں ایک مربوط پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ زیر التواء مقدمات میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکے اور جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ اور ضلعی عدلیہ میں مقدمات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق سال 2024 کے دوران عدالت عالیہ لاہور اور پنجاب کی بھر کی ضلعی عدلیہ میں کل 38 لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔ رپورٹ کے اعدادو شمار کے مطابق سال 2024 کے دوران لاہور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ اور بنچز پر 1 لاکھ48 ہزار453 کیس دائر کئے گئے، جبکہ 1 لاکھ44 ہزار122 مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔اسی طرح صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں میں سال 2024 کے دوران 37 لاکھ 89 ہزار639 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 36 لاکھ57 ہزار 102 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ اجلاس میں مزید بتایاگیا کہ لاہور ہائی کورٹ اور علاقائی بنچز پر زیرالتواء مقدمات کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار ہے، جبکہ ضلعی عدلیہ میں 14 لاکھ94 ہزار868 مقدمات زیر التواء ہیں۔۔۔ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس صداقت علی خان، جسٹس سید شہباز علی رضوی ،جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شرکت کی ، جسٹس شاہد کریم، جسٹس طارق سلیم شیخ ،جسٹس اسجد جاوید گھرال ، جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی ، جسٹس چوہدری محمد اقبال ، جسٹس محمد امجد رفیق ،جسٹس علی ضیاء باجوہ ،جسٹس محمد رضا قریشی سمیت دیگر ججز نے شرکت کی.

مزیدخبریں