(ویب ڈیسک) لائف سٹائل میڈیسن اورخواتین کی صحت کیلئے پیراڈائم شفٹ کے موضوع پرلاہور جنرل ہسپتال میں ایک ورکشاپ کاانعقادکیاگیا۔
گائنی یونٹ 3کے زیر اہتمام''لائف سٹائل میڈیسن اورپیرا ڈائم شفٹ'' کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج ،پی جی ایم آئی اورلاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ موٹاپا جسمانی بیماریوں کی بڑی وجہ ہے جو روزمرہ زندگی میں مشکلات کے علاوہ دیگر امراض کا باعث بھی بنتا ہے، چہل قدمی اور سیر سے موٹاپے پر قابو پانے کے علاوہ ذہنی وجسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں،بالخصوص خواتین اپنے طرززندگی، روزمرہ معمولات،خوراک میں ضروری ردو بدل اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کر کے خود کو نہ صرف بہت سے امراض سے محفوظ رکھ سکتی ہیں بلکہ یہ اقدام بیماریوں کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے جو انہیں ادویات کے غیر ضروری استعمال سے بچانے میں بھی مددگارہوگا۔
پروفیسرالفرید ظفر کااس موقع پرمزید کہنا تھا کہ لائف سٹائل کا ہماری ذہنی و جسمانی صحت سے گہرا تعلق ہوتا ہے،لوگ اس امرکا خیال نہیں رکھتے کہ صحت کیلئے کون سی غذا مناسب ہے کیونکہ ہروقت کھاتے رہنا اورغیر صحت بخش غذاؤں کے نتیجے میں بہت سی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، صحت مند رہنے کے لئے وٹامنز کی مناسب مقدار کا جسم میں ہونا ضروری ہے،اگرچہ وٹامن ہر شخص کی ضرورت ہے،تاہم خواتین کے لیے وٹامن کی اہمیت مردوں سے زیادہ ہے،انہوں نے گائنا کالوجسٹس پر زور دیا کہ وہ علاج معالجے کے لئے آنے والی خواتین کو صحت مند رہنے کے سنہری اصولوں سے بھی آگاہ کریں اور خود سے ادویات کے استعمال سے بچاؤ کیلئے آگاہی فراہم کریں، مریض کو یہ بھی بتایا جائے کہ بیماری کی صورت میں مستند معالج کے مشورے سے ہی ادویات کا استعمال یقینی بنائیں۔
پروفیسر امبرین حیدرنے اس موقع پر سادہ غذا، ورزش کے رہنما اصولوں اور سیلف میڈیکیشن سے بچاؤکے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔
پروفیسر ندرت سہیل کا کہنا تھا کہ مرغن غذاؤں اورچینی سے اجتناب کرکے فربہ جسم،امراض قلب اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔
ورکشاپ میں پروفیسر آمنہ احسن چیمہ، ڈاکٹر سائرہ فیاض، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر شبنم محمد علی، ڈاکٹر مصباح کوثر، ڈاکٹر مریم ذو الفقار اور ڈاکٹر مہوش الیاس سمیت کثیر تعداد میں گائنا کالوجسٹس موجود تھیں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے آگاہی ورکشاپ کے انعقاد پر پروفیسر آمنہ احسن،چیمہ ڈاکٹر سائرہ فیاض، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور اُن کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔