ارشاد قریشی : انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں صنم جاوید اور مشعال یوسفزئی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں صنم جاوید اور مشعال یوسفزئی پیش ہوئیں،کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں دونوں ملزمان کے وکلاء نے ضمانت کی توسیع کی درخواست کی تھی۔
عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کر دی۔
دوسری جانب اس حوالے سے صنم جاوید کا انسداد دہشت گردی راولپنڈی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان پر منشیات کے علاوہ تقریباً تمام کیسز بنا دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ڈرا کر رکھنے کیلئے بہت کیسز بنائے گئے ہیں اور اب تو انہیں خود بھی یاد نہیں کہ کتنے کیسز ہیں کیوں کہ ان کی ضمانتیں ہو جاتی ہیں اور وہ پھر عدالت میں پیش ہو جاتی ہیں۔
صنم جاوید نے کہا، "سب کو پتہ ہے کہ چھوٹی عدالتوں پر کتنا دباؤ ہوتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "بانی پی ٹی آئی کی سزا اسلام آباد ہائی کورٹ میں ختم ہو جائے گی۔"
انہوں نے جیل میں خواتین کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "جیل میں خواتین کو کافی مشکلات کا سامنا رہا لیکن ہمیں یہ یقین تھا کہ ہمارا کاز درست ہے۔" صنم جاوید نے یہ بھی کہا کہ یاسمین راشد نے جیل میں ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں حوصلہ دیا۔