سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ آزادکشمیر اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں 18سے 20 جنوری کے دوران بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔
شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ میں کمی آ گئی ، جس کے نتیجے میں فضا میں خنکی بڑھ گئی ہے اور ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔بالائی علاقوں میں بارش ہونے کی وجہ سے لاہور کا موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے تاہم باغوں کے شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فضائی آلودگی میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 431 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ فدا حسین روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 894، سی ای آر پی آفس میں 621 اور عسکری ٹین میں فضائی آلودگی کی شرح 561 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے خطرہ بڑھ گیا ہے۔
شہر قائد میں سردی کا راج برقرار ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے لیکن محسوس درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر کا کم از کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 25 سے 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور شمال مشرق سمت سے 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔فضائی معیار بھی کراچی میں مضر صحت ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 174 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ شہر کے آلودہ ترین علاقوں میں شارع فیصل پہلے نمبر پر ہے جہاں پر 222 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں، تاکہ آلودگی سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جنوری سے 20 جنوری تک کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش کا امکان ہے،چاغی،نوشکی،قلات اور بارکھان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے،خضدار،ہرنائی، ژوب، موسی خیل، خاران، کیچ، پنجگور اور گوادر میں بھی بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ 18 سے 20 جنوری کے دوران پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے ۔ علاوہ ازیں، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اس دوران، وادی نیلم، جہلم، وادی لیپہ، کیل شاردہ تا اوبٹ گریس اور جاگراں ویلی میں بھی برف باری متوقع ہے،ایس ڈی ایم اے نے بالائی علاقوں میں بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے اور شدید برف باری کے دوران وادی نیلم کا سفر نہ کرنے کی بھی تنبیہ کی ہے۔ ایس ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، لہذا متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم سرد اور خشک کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر کہرا پڑنے کی بھی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک اور کوہاٹ، میں تیز ہوائیں/جھکڑ چلنے کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے، صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم سرداور مطلع ابرآلود رہنے کا بھی امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے، لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال ، سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے تاہم مری، گلیات اورگردونواح میں موسم شدیدسرد رہنے کےساتھ شام/رات میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش/برفباری کی توقع ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ سمیت زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، بارکھان، خضدار، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل،خاران، کیچ، پنجگور اور گوادرمیں تیز ہوائیں،جھکڑ چلنےکےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ سندھ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے جبکہ رات کے اوقات میں سکھر ، شہید بینظیر آباد،شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیر پور، ٹنڈوجام اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔