سٹی42: اسرائیل میں جنگ کی کابینہ کے بعد مکمل حکومت نے بھی حماس کے ساتھ یرغمالیوں کی واپسی اور جنگ بندی کے معاہدے کی منظوری کے حق میں ووٹ دیا۔ سیکورٹی کابینہ کی جانب سے جمعے کے روز اس معاہدے کو منظور کرنے کے بعد اتحادی جماعتوں کی حکومت کے تمام وزرا سے اس معاہدہ پر ووٹنگ کروائی گئی تھی۔
عبرانی میڈیا کے مطابق 24 وزراء نے حق میں اور آٹھ نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ووٹنگ پر حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیل کے یرغمالیوں کی واپسی کا یہ معاہدہ کل اتوار سے نافذ العمل ہونا ہے۔ اب جبکہ حکومت نے معاہدے کی منظوری دے دی ہے، معاہدے کے مخالفین اسرائیلی آئین کے مطابق اسے روکنے کے لئے صرف ہائی کورٹ آف جسٹس میں درخواست کر سکتے ہیں، حالانکہ عدالت کی اس معاملہ میں مداخلت کا امکان نہیں ہے۔
بعض انتہائی دائیں بازو کا رجحان رکھنے والےوزراء کے جنگ بندی پر وزیراعظم نیتن یاہو سے اختلافات ظاہر ہونے کے ساتھ، اسرائیل نے اپنی جنگ کی کابینہ اور مکمل کابینہ کے اہم اجلاسوں میں تاخیر کی، ان اجلاسوں میں جنگ بندی معاہدہ پر جمعرات کو ووٹنگ ہونی تھی لیکن یہ جمعہ کو ہو پائی۔