پاک فوج کی ایران میں کارروائی کی ایرانی میڈیا نے  تصدیق کردی

18 Jan, 2024 | 12:32 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)ایران کے میزائل حملے کا  پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب  دیا گیا ایرانی میڈیا نے پاک فوج کی ایران میں فوجی آپریشن کی تصدیق کردی۔

 ایرانی میڈیا پریس ٹی وی کےمطابق پاکستان کی جانب کی جانے والی کارروائی میں 7 غیرملکیوں کی ہلاکت ہوئی ہے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی طرف سے کیے گئے میزائل حملے میں  تین خواتین اور 4 بچے  مارے گئے ہیں ۔میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مرنے والے تمام افراد غیر ملکی تھے ان میں کوئی بھی ایرانی نہیں تھا ۔

 ایرانی سکیورٹی حکام نےتصدیق کرتےہوئےکہا جمعرات کی صبح پاکستان کی سرحد کے قریب صوبہ سیستان اوربلوچستان کے جنوب مشرقی شہر سراوان کے آس پاس کے مختلف علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔دعویٰ کیا جارہا ہے کہ  اس جوابی کارروائی کیلئے پاکستان نے ائیر فورس، راکٹس، ڈرونز، کلر ڈرونز، لائٹرنگ میونیشنز کا استعمال کیا۔

  مگر  پاکستان میں سرکاری طور پر اس حملے کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم اطلاعات کے مطابق پاکستان نے بی ایل ایف اور بی ایل اے کے دو کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔جوابی حملے سے کچھ گھنٹے پہلے پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل لباس جیلانی نے اپنے ایرانی ہم منصب کو بتایا تھا کہ پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

 یاد رہے کہ منگل کو ایرانی فورسز نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کئے تھے جس پر  ایرانی سرکاری ٹی وی کی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔ ایرانی سکیورٹی فورسز کے ڈرون اور میزائل حملوں میں دو بچیاں شہید اور 3 زخمی ہوئی تھیں۔

 ایرانی صوبے سیستان کے نائب گورنر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی سکیورٹی حکام اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

مزیدخبریں