تحریک انصاف اسمبلی میں واپس آئی تو سپیکر رولز کے مطابق فیصلہ کرینگے، قمر زمان کائرہ  

18 Jan, 2023 | 11:08 PM

Imran Fayyaz

 ( نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی میں واپس آئے تو سپیکر راجہ پرویز اشرف رولز کے مطابق فیصلہ کریں گے، عمران خان نے اسمبلی میں واپسی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا بلکہ انہوں نے صرف اس کا عندیہ دیا ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار مشیر وزیر اعظم اور پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے 24 نیوز کے پروگرام دستک میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے عمران خان کو قبل از وقت الیکشن کی کوئی تاریخ نہیں دی اور نہ ہی کوئی یقین دہانی کرائی ہے، قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ فواد چودھری بے معنی باتیں کرتے ہیں ، عمران خان بھی ان کی باتوں کو آن نہیں کرتے۔

 پروگرام کے دوسرے حصے میں میئر کراچی کیلئے گولڈن نمبر کی حامل جماعت اور جماعت اسلامی کے تحفظات اور احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے رہنما سردار تیمور تالپور کہا کہ پیپلزپارٹی متنازع نشستوں پر کاؤنٹ ڈاؤن کرانے کیلئے تیار ہے ، پیپلزپارٹی کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے وہ سب کو قبول کرنا چاہیے، جماعت اسلامی نے ساتھ نہ دیا تو بھی میئر پیپلزپارٹی کا جیالا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس کیماڑی میں دنگا فساد کرنے پر تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کے خلاف حکومت قانونی کارروائی کرے گی ، پاکستان برابری پارٹی کے چیئرمین جواد احمدکا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی مڈل کلاس لوگوں کا اقتدر میں لائے گی، عمران خان اور نواز شریف کو مڈل کلاس عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔

 پاکستان فیڈرل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ناصر حیات مگوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتکاروں نے گورنرسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی پورٹ پر 57 سو کنٹینر ز کو نکالنے کی اجازت دی جائے تاکہ سپلائی چین بحال ہو سکے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت امپورٹس سے متعلق واضح پالیسی بنائے کہ ضروری اشیااور لگژری آئٹمز کونسی ہیں تاکہ انڈسٹری کا پہیہ چلتا رہے اور ہزاروں کارکن بے روزگار نہ ہوں۔

مزیدخبریں