ملک سلطان اعوان: میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراضات کے بعد لاہور میں ٹیسٹ لیا جائے گا۔
محمد حسنین پر بی بی ایل میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 'چکنگ' کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ان کا یہ ٹیسٹ 19 جنوری کو آسٹریلیا میں ہی ہونا تھا مگر پی ایس ایل میں شرکت کے باعث پاکستان واپس لوٹنے کی وجہ سے اب ٹیسٹ لاہور میں ہوگا۔ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک وہ باؤلنگ کرنے کے اہل ہوں گے، عموماً ٹیسٹ کی رپورٹ 14 روز کے اندر آجایا کرتی ہے۔
بگ بیش امپائرز کے الزام سے قبل ان پر یہ اعتراض آسٹریلوی بلے باز موسس ہنریکس نے بھی لگایا تھا جب وہ حسنین کی تیز رفتار گیندوں کا سامنے کرتے بے بس نظر آئے تھے۔ حسنین نے بی بی ایل میں سڈنی تھنذرز کی جانب سے 5 میچز میں 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس دوران انہوں نے ایک میچ میں 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ترین گیند بھی پھینکی۔
یاد رہے کہ محمد حسنین پاکستان کی جانب سے 26 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں اور ان کے باؤلنگ ایکشن کے خلاف کوئی الزام نہیں لگا۔ اس میں آسٹریلیا میں ایک T20I بھی شامل ہے۔