ویب ڈیسک: وزیراعظم عمران خان نے پریانتھا کمارا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ ڈالر منتقل کرنے پر سیالکوٹ کی تاجر برادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ کی تاجر برادری نے وعدے کے مطابق پریانتھا کمارا کی بیوہ کےاکاؤنٹ میں ایک لاکھ ڈالر منتقل کردئیے ہیں جبکہ راجکو انڈسٹریز نے آئندہ دس برس تک پریانتھا کمارا کی بیوہ کو آئندہ دس برس تک تنخواہ کی مد میں 1167ڈالر ماہانہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس پر وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا ہے اور راجکو انڈسٹریز کو اپنے اہلکار کا بعد از مرگ خیال رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یاد رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مقامی فیکٹری کے منیجر پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا اور ان کی لاش نذرِ آتش کردی تھی۔ بعدازاں آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں وزیراعظم آفس میں تعزیتی ریفرنس اور ان کی جان بچانے کیلئے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ملک عدنان کو سند عطا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے آنجہانی پریانتھا کمارا کے لواحقین کیلئے ایک لاکھ ڈالر جمع کرنے اور ہمیشہ ان کی کفالت کرنے کے اعلان کو سراہا اور اب بھی انہوں نے دوبارہ ٹویٹ کرکے سیالکوٹ کی تاجر برادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔