اسرار خان : رائیونڈ روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر ۔ حادثے کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے ، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں ۔
چوکی اڈہ پلاٹ پولیس کے مطابق واقعہ بحریہ آرچرڈ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ۔ حادثے کے نتیجے میں 40 سالہ خلیل، 14 سالہ پرویز اور 35 سالہ نیامت موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے جناح ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، اس کی تلاش کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔
دوسری جانب ہیوی بائیک کا جنون نوجوان کی جان لے گیا ۔ ڈیفنس کا رہائشی نوجوان احمد تیز رفتاری کے باعث ہیوی بائیک سے گر کر جاں بحق ہو گیا ۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس کا رہائشی نوجوان احمد دوستوں کے ہمراہ ہیوی بائیک پر جا رہا تھا کہ ڈیفنس فیز 6 میں تیز رفتاری کے باعث گرین بیلٹ سے ٹکرا گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔احمد شادی شدہ اور ایک بیٹے کا باپ تھا ۔