قذافی بٹ: وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ دو بار این آر او لینے والے کرپٹ عناصر کی امامت میں اپوزیشن احتجاج کرنے جارہی ہے، حکومت نےبراڈ شیٹ رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عوام سے کچھ نہیں چھپائیں گے۔
ایوان وزیراعلی لاہور میں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے اعلان کیا کہ حکومت نے براڈ شیٹ رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور عوام سے کچھ نہیں چھپائیں گے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کرپٹ عناصر کی امامت میں جمہوریت کو چیلنج کرنا چاہتی ہے، اپوزیشن جس چیئرمین الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کرنے جارہی ہے وہ عام انتخابات میں نہیں تھے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے اپنے دورحکومت میں صرف تختیاں لگائیں، بغیر پلاننگ بنائے گئے منصوبے عوام کے لئے وبال جان بنے، اس موقع پر چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز نے کہا کہ چین کے دو بڑے گروپوں کے ساتھ معاہدے ہوگئے، ٹائم لائن کے تحت راوی کنارے نیا شہربسانے جارہے ہیں۔
وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کا کہنا تھا کہ ریور راوی منصوبہ ماحول دوست منصوبہ ہے، سیلاب کے راستے میں آنے والی آبادی کی جگہ کو خریدا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے مستقبل میں پانی اور آلودگی کا مسئلہ حل ہوگا اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف ہونے والے پانی کو شہر کی بہتری کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔