’’بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے مثالی سسٹم لانا چاہتے ہیں‘‘

18 Jan, 2021 | 07:35 PM

Shazia Bashir

قذافی بٹ: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے مثالی سسٹم لانا چاہتے ہیں،عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ضلع کیلئے الگ ترقیاتی پیکیج دیا جائے گا۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعلی کی زیر صدارت اجلا س میں نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، بلدیات سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔

 انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے مضبوط نظام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پرحل ہوں گے،   پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے ذریعے عوام کونچلی سطح پر حقیقی نمائندگی میسر ہو گی، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن کی بہترین سہولیات ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

 سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت پر بھی توجہ دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہے، اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمود الرشید، ہاشم جواں بخت، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں