سٹی 42: محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کیلئے شرط رکھ دی ۔
گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ فاسٹ بولر محمد عامر پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں تاہم آج محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان دے کر اس بات کی وضاحت کردی۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں واضح کردوں کہ میں پاکستان کے لیے دستیاب ہوں گا صرف اس وقت جب یہ مینجمنٹ چھوڑ کر چلی جائے گی لہذا صرف اپنی اسٹوری بیچنے کے لیے مجھ سے متعلق جعلی خبریں نہ پھیلائیں۔
I would like to clarify that yes I will be available for Pakistan only once this management leaves. so please stop spreading fake news just to sell your story.
— Mohammad Amir (@iamamirofficial) January 18, 2021
ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے بیان میں محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم کی موجودہ مینجمنٹ خاص طور پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس پر متعدد الزامات عائد کیے اور ان کی مینجنٹ میں کھیلنے سے انکار کردیا جس کے بعد پی سی بی کے چیف ایکزیکٹو وسیم خان نے بھی محمد عامر سے رابطہ کیا اور انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ پاکستان کے لیے مزید کھیلنے کےلیے تیار نہیں ہیں۔
خیال رہے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 رکنی اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر فاسٹ بولر محمد عامر نے لنکن پریمیئر لیگ سے واپسی پر اچانک قومی کرکٹ ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔بعد ازاں ہیڈکوچ مصباح الحق اور وقار یونس دونوں نے محمد عامر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ صرف خراب کارکردگی بتائی اور کہا کہ وہ دوبارہ پرفارم کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں تاہم عامر نے ایک بار پھر ان کی موجودگی میں کھیلنے سے صاف انکار کردیا ہے۔