(حسن علی) حکومت کے آٹے کے بحران کو حل کرنے کے تمام دعوے صرف دعوؤں کی حد تک محدود، مارکیٹ میں بیس کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہوگیا ۔
حکومت آٹے کے بحران کو حل کرنے میں ناکام ہوگئی، مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہوگیا اور جہاں دستیاب ہے وہ من مانی قیمت وصول کررہےہیں، شہرمیں 20 کلوکا تھیلا 805 روپے کےسرکاری نرخوں کی بجائے900 سے ایک ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری طرف گزشتہ روز لاہور آٹا چکی اونرزایسوسی ایشن اور ضلعی حکومت کے مابین چکی آٹے کی قیمت کم کرنے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات بھی ناکام ہو گئے، جس کے بعد چکی کا آٹا 70 روپے فی کلو میں ہی فروخت کیا جارہا ہے۔
آٹا چکی مالکان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گندم 2200 سے 2300 روپےفی من تک جا پہنچی ہے، جس کے باعث وہ 70 روپے فی کلو سے کم آٹا فروخت نہیں کر سکتے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی کے باعث آٹے کا بحران پیدا ہوا ہے، حکومت عوام کوریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، حکومت آٹے کے بحران کو ختم کرے اورآٹے کی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔