(ریحان گل ) تبدیلی، میرٹ اور نئے دور کی باتیں پرانی ہو گئیں، تحریک انصاف کی حکومت بھی پیش روؤں کی ڈگر پر، چین میں الیکٹرک پاور ٹیکنالوجی کی ٹریننگ کے لئے میرٹ کے برعکس پارٹی کارکنان کو بھیج دیا گیا۔
چین میں الیکٹرک پاور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ٹریننگ کورس 14 سے27 دسمبر تک منعقد کیا گیا تھا، جس کے لئے وفاقی حکومت سے سرکاری افسران کی نامزدگی طلب کی گئی تھی، اہلیت معیار کے مطابق سرکاری افسر کا متعلقہ شعبے میں 5 سالہ تجربہ اور ریگولر ہونا لازم تھا، وفاقی حکومت کی جانب سےاہم ترین ٹیکنیکل ٹریننگ کورس کے لیے پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنان بھی چین بھجوا د یئےگئے۔
ذرائع کے مطابق چین جانے والوں میں پی ٹی آئی کےسنٹرل انفارمیشن کوآرڈینیٹر محمد حمزہ خالد،کارکن اسراء بنت نعیم، صدرسکھر ریجن مسرت مشاہ، سنٹرل ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری احمد وقاص، صدر بہاولپور سمیرا بانو، مرکزی رہنما تنزیلہ عمران خان اور کارکن سمیرا ناز شامل تھے۔