سعدیہ خان:پیپلز پارٹی پانچ فروری کو یوم کشمیر پر موچی گیٹ میں جلسہ عام کرے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کہتے ہیں کشمیریوں کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی۔ آئندہ بھی اخلاقی سیاسی سفارتی مدد جاری رہے گی۔ بھارت کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں اور عالمی سطح پر گٹھ جوڑ اور سازشوں کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی پنجاب کے عہدیداروں نے صوبائی صدر قمرزمان کائرہ کی قیادت میں آصف زرداری سے ملاقات کی۔ چودھری منظور، اسلم گل،عثمان ملک اور عاصم بھٹی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
آصف علی زرداری نے پنجاب کی تنظیم کو 5 فروری کو کشمریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے جلسے کی تیاری کی ہدایت کردی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر مسلسل ظلم کر رہاہے عالمی ضمیر کو جھنجوڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمریوں پر ظلم رکوانے کے لئے اقوام متحدہ اپنا کرداراداکرے۔