علی اکبر:گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستانی ایک پر عزم اور فولادی اعصاب کی حامل قوم ہے وہ اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات کی نہ صرف خواہاں ہے بلکہ خطے میں امن کی سب سے بڑی داعی ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس بارہ سال سے جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر پاکستانی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے پاکستان میں فرانس کے سفیرمسٹر مارک بریٹے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور اہم قومی اور بین الاقوامی ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی ایک پر عزم اور فولادی اعصاب کی حامل قوم ہے وہ اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات کی نہ صرف خواہاں ہے بلکہ خطے میںامن کی سب سے بڑی داعی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس بارہ سال سے جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر پاکستانی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ در حقیقت دہشت گردی کی جنگ محض پاکستان کی نہیں بلکہ پوری دنیا کی جنگ ہے اور اقوام عالم کو مل کر اس کے خلاف صف آراء ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی انسانی، معاشی اور اقتصادی قربانیاں پوری دنیا کے سامنے عیاں ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ملکوں سے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں فرانس پاکستان کے ترجیحی ملکوں میں شامل ہے - انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینا بھی درحقیقت حکومت کے اقتصادی وژن پر اعتماد کا اظہار ہے- انہوں نے کہا کہ فرانس کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بے پناہ مواقعے موجود ہیں اور فرانس کے سرمایہ کاروں کو اس حوالے سے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔