زاہد چوھدری:آٹھ ہسپتالوں کے چوبیس آپریشن تھیٹرز کو آلودہ قرار دیتے ہوئے سرجری سے روک دیا گیا۔ کم سے کم طبی معیار برقرار نہ رکھنے پر چھتیس ہسپتالوں کو نوٹسز جاری کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کے معیار کو جانچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہیلتھ کیئر کمیشن نے لاہور سمیت صوبے بھر کے آٹھ ہسپتالوں کے مجموعی طور پر چوبیس آپریشن تھیٹرز کو جراثیم سے آلودہ ہونے پر سرجری بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
ان ہسپتال میں احسان ممتاز ہسپتال ، رشید ہسپتال کے دو دو آپریشن تھیٹرز میں سرجری روک دی گئی ہے ۔ آرتھوپیڈک میڈیکل کمپلیکس کے دو اور خواجہ ہسپتال کاہنہ کے ایک آپریشن تھیٹر میں سرجری بند کر دی گئی۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ کے چھ ، نشتر ہسپتال ملتان ، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے چار چار آپریشن تھیٹرز ، فیصل ہسپتال کے تین آپریشن تھیٹرز میں سرجری روکنے کا حکم دے دیا گیا ۔
رحمت آئی ہسپتال ملتان روڈ ، حسین میموریل ، ڈی ایچ کیو سرگودھا ، گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال ، مبارک میڈیکل کمپلیکس ، رائے میڈیکل کمپلیکس ، صادق ہسپتال سرگودھا ، ہولی فیملی ہسپتال ، واپڈا ہسپتال ، سینٹ جوزف ہسپتال راولپنڈی ، ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ، چلڈرن ہسپتال ، سول ہسپتال ملتان ، جناح میموریل ، چٹھہ ہسپتال ، رفیق انور ٹرسٹ ہسپتال ، چیمہ ہارٹ اینڈ جنرل ہسپتال ، ، حاجی مراد آئی ہسپتال ، علامہ اقبال میموریل ٹرسٹ ہسپتال ، واپڈاہسپتال کو کم سے کم طبی معیار نہ ہونے پر نوٹس جاری کر دیئے گئے۔