(سٹی 42) رجب المرجب اسلامی سال کا ساتواں مہینہ ہے، اللہ رب العزت نے تمام مہینوں کے مختلف دنوں اور راتوں کی اہمیت و فضیلت اور ان کی خاص برکات و خصوصیات بیان فرمائی ہیں، لیکن ستائیس رجب المرجب کو دین اسلام میں ایک نمایاں اور منفرد مقام حاصل ہے کیونکہ اس رات اللہ رب العزت نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے پاس بلا کر اپنا دیدار کرایا تھا۔ عربی لغت میں ’’معراج‘‘ ایک وسیلہ ہے جس کی مدد سے بلندی کی طرف چڑھا جائے اسی لحاظ سے سیڑھی کو بھی ’’معراج‘‘ کہا جاتا ہے۔
- شب معراج کے اہم واقعات
معراج کی تاریخی سیر میں رسول ﷺنے حضرت جبرائیل ؑ کو ان کی اصل بارُعب صورت میں بھی دیکھا۔
رسول اﷲﷺسے روایت ہے آپ نے حضرت جبرائیل ؑ سے فرمایایہ کیا بات ہے کہ میں جس آسمان پر پہنچا وہاں والوں نے مجھے خوش آمدید کہا اور مسرت وشادمانی کا اظہار کیا .آپ جسم وروح دونوں کے ساتھ آسمانوں کی بلندیوں پر پہنچے اور آپ کا یہ اوپر کا سفر ہر بلندی کے سفر سے بالاتر ہے ۔آپ اس مرکز سے بھی اوپر تشریف لے گئے جہاں خالق خلق اپنے قلموں سے فیصلے جاری کرتا ہے ۔پھر رب کائنا ت نے آپ کو وحی کی .
اسی طرح نبی ﷺنے معراج میں ایسے لوگوں کوبھی دیکھا جن کے سر پتھر سے توڑے جاتے ہیں اور جب ٹوٹ جاتے ہیں تو پھر پہلے کی طرح درست ہوجاتے ہیں اور سزاکی اس کاروائی میں کوئی کمی نہیں کی جاتی یعنی عذاب کا یہ سلسلہ پیہم جاری رہتا ہے ان لوگوں کے بارے میں حضرت جبریل ںنے حضور ﷺکو بتایا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے سر فرض نماز سے بوجھل ہوجاتے تھے ۔
اسی طرح نبی ﷺنے ایسے لوگوں کودیکھا جن کے آگے پیچھے پیوند لگے ہوئے تھے ،وہ اس طرح چر رہے تھے جیسے اونٹ اور بکریا ں چرتی ہیں اور وہ جہنم کے پتھر کھارہے تھے ۔نبی ﷺنے حضرت جبرائیل ؑ سے ان کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے مالوں کی زکوٰۃ ادانہ کرتے تھے ۔
اسی طرح کچھ ایسے لوگوں کا مشاہدہ کیا جن کے سامنے ہانڈی کا پکا ہو اگوشت تھا اور انہیں کے سامنے دوسری ہانڈی میں خبیث اور کچا گوشت تھا ۔یہ لوگ کچا اور خبیث گوشت کھا رہے تھے اور پاک پکا ہوا گوشت چھوڑ رہے تھے ۔حضرت جبرائیل ؑ نے سیّد کائنات ﷺکو ان کے بارے میں بتایا کہ یہ وہ لوگ ہیں کہ انکے پاس جائز اور پاکیزہ عورتیں موجود تھیں مگر وہ خبیث عورتوں کے پاس جاکر زنا کی لعنت میں مبتلا ہوتے تھے ،اسی طرح وہ عورت بھی جس کی شادی پاکیزہ مرد سے تھی مگر وہ خبیث مرد کے پاس جاکر زنا کی مرتکب ہوتی تھی اور نبیﷺکا گزر راستے میںایک ایسی لکڑی کے پاس سے ہو اجس کے پاس اگرکوئی کپڑا گزرتا تو اسے وہ لکڑی چاک کردیتی یا کوئی شے گزرتی اسے بھی چاک کردیتی۔ حبیب ﷺنے پوچھا !جبریل یہ کیا ہے ؟حضرت جبریل نے بتایا آپ کی امت کے وہ لوگ ہیں جو راستوں پر بیٹھتے اور راستہ کاٹاکرتے ہیں پھر نبی ﷺایک ایسے شخص کے پاس آئے جو بہت زیادہ لکڑیاں جمع کررہاہے اور انھیں اٹھانہیں پارہا ہے اور زیادہ کرتا جارہا ہے ۔نبی ﷺنے پوچھا !جبریل یہ کون ہے ؟حضرت جبرائیل ؑ نے جو اب دیا ،یہ آپ کی امت کے وہ شخص ہے جسکے پاس لوگو ں کی امانتیں ہوتیں اور وہ انکی ادائیگی پر قادر نہ ہوتا اور مزید جمع کرتا جاتا وہ انکواُٹھانا چاہتا ہے مگر اٹھا نہیں سکتا ۔
اسطرح شب ِمعراج میں نبی ﷺنے ایسے لوگوں کوبھی دیکھا جن کی زبانیں اور ہونٹ لوہے کی قینچی سے کاٹے جاتے تھے اور جب بھی کاٹ دیئے جاتے پھر دوبارہ صحیح ہوجاتے ۔اس سلسلہ میں کوئی کمی نہ آتی یہ سلسلہ برابر جاری رہتا۔نبی ﷺنے فرمایا،جبریل ! یہ کون ہیں ،انھوں نے عر ض کیا، یہ آپ کی امت کے مقررین ہیں،فتنہ پرور مقررین ،یہ جو کہتے تھے اس پر خود عمل نہ کرتے تھے ۔
اسی طرح نبی ﷺنے شب معراج میں ایسے لوگوں کا بھی مشاہدہ کیا جن کے منہ کھولے جاتے اور آگ کے گیندان کے منہ میں ڈال دیئے جاتے پھر یہ گیندان کے نیچے سے باہر نکل جاتے یہ وہ لوگ تھے جو یتیموں کا مال غلط طور سے کھاتے تھے ۔
جو لوگ یتیموں کامال ظلم کے ساتھ کھاتے ہیں وہ صرف اور صرف اپنے پیٹوں میںآگ کھاتے ہیں اور وہ جلدہی بھڑکتی آگ میں داخل ہوں گے ۔پس اے اﷲ ! اس نبی کریم ﷺپر اپنا درود نازل فرما اور ہم سب کو آپ کی شفاعت سے بہرہ و ر فرما(آمین )
جیسا کہ رسول اﷲﷺسے ثابت ہے کہ آپ ﷺنے فرمایا ،میں نے جہنم کا مشاہدہ کیا تو کیا دیکھتا ہو ں کہ اس میں زیادہ تر تعداد عورتوں کی ہے صحابہ نے عر ض کیا ،یا رسول اﷲﷺایسا کیوں ہے ؟نبی ﷺنے فرمایا، اپنی ناشکری کی وجہ سے عر ض کیا گیا کہ کیا وہ اﷲکی ناشکری کرتی ہیں اور احسا ن فراموشی کرتی ہیںفرمایاشوہر کی ناشکری کرتی ہیں احسان فراموشی کرتی ہیں اگر تم کسی ایک کے ساتھ زمانہ بھر تک احسان کرتے رہوپھر اس نے ذراسا بھی فر ق دیکھا تو کہہ اٹھی تم سے تو میں نے کبھی کوئی بھلائی دیکھی ہی نہیں ۔
شب معراج کی صبح نبی ﷺنے حضرت اُمّ ہانی رضی اﷲتعالیٰ عنہا سے جب واقعہ معر اج بیان کیا تو انہوں نے رسول اﷲﷺسے عر ض کیا۔ یارسول اﷲﷺ یہ واقعہ آپ اپنی قو م کے سامنے نہ بیان کریں ورنہ وہ آپ کو اذیتیں دیں گے اور تکذیب کریں گے۔ اُن کے جواب میں نبی ﷺنے فرمایا کہ اﷲکی قسم میں انکے سامنے ضرور بیان کرونگا ،پھر آپ مسجد حرام تشریف لے گئے آپ کے پاس سر غنہ کفر ابو جہل ملعون آیا اور آپ سے کہا ،کیا کوئی خبر ہے ؟نبی ﷺنے فرمایاہاں ہے ،پھر اس نے پوچھا کیا ہے ،حضور ﷺنے فرمایارات مجھے سیر کروائی گئی ،اس نے پوچھا کہا ں کی سیر ؟حضور ﷺنے فرمایابیت المقدس کی سیر ،تو پھر صبح آپ نے ہمارے درمیان کیسے گزاری ؟ابوجہل نے یہ جملہ مذاق اور اﷲتعالیٰ کی اس قدرت کے انکا ر میں کہا کہ بھلا اﷲتعالیٰ اپنے نبی کو جسم وروح کے ساتھ یہ سیر کراسکتاہے ؟اس کو نبی حبیب ﷺنے جواب دیا ہاں ایسا ہی ہو اہے ،اس ملعون نے کہا ،آپ کا کیا خیال ہے ۔میں اگر آپ کی قوم کو بلاؤں تو کیا آپ انکے سامنے بھی یہ بیان کرسکتے ہیں؟نبی ﷺنے فرمایا،ہاں ضرور، اس کے بعد وہ اہل قریش کو آواز دینے لگا ۔قریش کے لوگ جب جمع ہوگئے تو نبی ﷺنے ان کے سامنے واقعہ معراج اور اپنے مشاہدات بیان کئے ،یہ سن کر اِن کی حیرت واستعجاب کا یہ عالم ہواکہ کوئی تو تالی بجاتا جارہا ہے اور کوئی اپنا ہاتھ اپنے سر پر رکھے ہوئے ہے ۔ایک ضعیف الایمان تو ایسا بھی نکلاجو مرتد ہوگیا اور کچھ لوگ ور غلانے کیلئے رسول اﷲﷺکے محبوب صدیق اکبر سیّدنا ؓ کے پاس گئے ۔لیکن سیّدنا ابوبکرؓ نے ایمان کی بات کہی آپ نے فرمایااگر آپ ﷺنے یہ بات کہی ہے تو یقینا سچ کہا ہے ،اہل قریش نے کہا آپ اس واقعہ میں بھی ان کی تصدیق کرتے ہیں ؟سیّدناابوبکرؓ نے فرمایا میں تو ان کی اس سے بھی بڑی چیزمیںتصدیق کرتاہوں ،میں توآسمان کی خبر پر ان کی تصدیق کرتاہو ں ۔اس دن سے آپ کا لقب ’’صدیق ‘‘ہوا اور آپ جہنم سے آزاد فرمادئے گئے ۔مشرکین مکہ نے رسول اﷲﷺکے بیان کی صداقت جانچنے کا ارادہ کیا اور انہوں نے نبی ﷺسے مسجد اقصیٰ کے درو دیوار اور اوصاف کے بارے میں سوالات کئے ،نبی کریم ﷺنے شبِ معراج سے پہلے مسجد اقصیٰ کبھی دیکھی نہ تھی ،اور ہر شخص جانتا ہے کہ ایک نظر دیکھنے والا کوئی بھی شخص اپنے مشاہدا ت کی تفصیلا ت نہیں بیان کرسکتا ،مگر یہا ں توبات ہی کچھ اور تھی انکے خالق نے حجابات اٹھادیئے اور مسجد اقصیٰ کو آپ کے پیش نظر کردیا ،آپ ا سے دیکھتے اور ایک ایک جگہ اور ایک ایک دروازہ کی کیفیت بیان کرتے جاتے ،نتیجہ کے طور پر کفار کو تسلیم کرنا پڑا کہ یہ کیفیت آپ نے صحیح صحیح بیان کردی ہے بلکہ انکے علاوہ نبی ﷺنے کچھ ایسی علامتیں بھی بتائیں جو آپ کی صداقت کی شاہد عدل ہیں ۔
معراج کیسے ہوا؟
آپ علیہ السلام حضرت ام ہانی کے گھر سو رہے تھے۔ جبرئیل امین علیہ السلام فرشتوں کے ساتھ آئے۔ دروازے سے آنے کی بجائے چھت پھاڑ کر اندر آئے آپ کو اٹھایا اور حطیم کعبہ لے گئے۔وہاں سے زمزم کے کنویں پر تشریف لے گئے وہاں قلب اطہر کو نکالا اور اس کو زمزم کے پانی سے دھویا اور ایمان وحکمت سے اس کو بھر دیا گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دونوں شانوں کے درمیان مہر نبوت لگادی گئی۔ پھر براق پر سوار کراکے حضورکا سفر شروع ہوا۔
سفرِ معراج
شبِ معراج محبوب خدا نے مسجد الحرام سے مسجد الاقصیٰ اور وہاں سے آسمانوں کی سیر کرکے اللہ کی نشانیوں کا مشاہدہ کیا۔ اس شب حضور نبی کریم ﷺ آسمانوں سے بھجوائی گئی خصوصی سواری البراق پر سوار ہو کر خالق کائنات سے ملاقات کے لئے تشریف لے گئے تھے ۔
قرآن پاک میں بنی اسرائیل کی پہلی آیت میں اس واقعہ کا ذکر موجود ہے ، جو معراج یا اسراء کے نام سے مشہور ہے ، احادیث میں بھی اس واقعہ کی تفصیل ملتی ہے، شب معراج انتہائی افضل اور مبارک رات ہے کیونکہ اس رات کی نسبت معراج سے ہے ۔
سفرِ معراج اپنے تین مراحل پر مشتمل تھا۔پہلے مرحلے میں سفرِ معراج کا پہلا مرحلہ مسجدُ الحرام سے مسجدِ اقصیٰ تک کا ہے، یہ زمینی سفر ہے۔
دوسرے مرحلے سفرِ معراج کا دوسرا مرحلہ مسجدِ اقصیٰ سے لے کر سدرۃ ُالمنتہیٰ تک ہے، یہ کرۂ ارضی سے کہکشاؤں کے اس پار واقع نورانی دنیا تک سفر ہے۔
تیسرے مرحلے سفرِ معراج کا تیسرا مرحلہ سدرۃ ُالمنتہیٰ سے آگے قاب قوسین اور اس سے بھی آگے تک کا ہے،چونکہ یہ سفر محبت اور عظمت کا سفر تھا اور یہ ملاقات محب اور محبوب کی خاص ملاقات تھی لہٰذا اس رودادِ محبت کو راز میں رکھا گیا، سورۃ ُالنجم میں فقط اتنا فرمایا کہ وہاں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جو راز اور پیار کی باتیں کرنا چاہیں وہ کرلیں۔
رجب کی پہلی تاریخ کو سیدنا نوح علیہ السلام کشتی پر سوار ہوئے۔ چار تاریخ کو جنگ صفین کا واقعہ پیش آیا۔ ستائیسویں شب کو محبوب کبریا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جسمانی معراج کے لئے تشریف لے گئے تھے۔ اٹھائیسویں تاریخ کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مبعوث فرمایا گیا۔ (عجائب المخلوقات، ص 45)
تین خوبصورت تحفے
ہمارے پیار ے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ معراج پر گئے جب واپس آئے تو اللہ تعالیٰ نے تین تحفے عطا فرمائے۔
1۔ پانچ نمازوں کا تحفہ اللہ سے لے کر آئے ہیں ان کا اہتمام کریں یہ خدائی تحفہ ہے۔ جیسے آپ کو کوئی بھائی رشتہ دار ملنے آئے تو اور تحفہ لائے تو بندہ کتنے شوق سے قبول کرتا ہے کہ میری بہن نے بھیجا ہے، میرے باپ نے بھیجاہے۔ اس طرح نماز حضور صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کا تحفہ لے کر آئے ہیں۔
2۔ سورۃ بقرہ کی آخری 3آیتیں لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْض سے لے کر أَنْتَ مَوْلَانَا فَانْصُرْنَا عَلَى الْقَوْمِ الْكَافِرِينَ تک۔
3۔ اللہ نے فرمایا تیسرا تحفہ یہ کہ آپ کی امت میں جو بندہ شرک نہیں کرے گا اس بندے کی معافی کا میں اللہ وعدہ کرتاہوں۔ شرک سے بڑا دنیا میں کوئی گناہ نہیں ہے۔