کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنیوالے 2 دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی

18 Feb, 2023 | 09:24 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے 2 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی۔

جمعہ کو کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشتگروں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔

نجی ٹی وی  سے گفتگو  کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا کہ حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ایک دہشتگردچوتھی منزل پر اور 2 چھت پر ہلاک ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک نے خود کو اڑایا۔

ذرائع کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے دو مبینہ دہشت گردوں کی  شناخت کفایت اللہ اور زالا نور کے نام سےہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکا کرنے والا دہشت گرد زالا نور ، شمالی وزیر ستان سے تعلق رکھتا تھا جبکہ سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارا گیا دہشت گرد کفایت اللہ لکی مروت کا رہائشی تھا۔تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

 

 

مزیدخبریں