(عثمان الیاس) لاہور ہائیکورٹ میں ایف آئی اے میں سب انسپکٹر کی میرٹ کے برعکس بھرتیوں کے خلاف درخواست پر سماعت ،عدالت نے ایف آئی اے اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
ایف آئی اے میں اوپن ٹیسٹ سروس کے ذریعے میرٹ کیخلاف درخواست پر جسٹس عائشہ اے ملک نے محمد جہانزیب کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے ایف آئی اے اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا،درخواست میں او ٹی ایس اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ میاں عاصم محمود اور میاں منیب طارق پیش ہوئے۔درخواست میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے میں میرٹ کیخلاف بھرتیاں کی گئی۔ ایف آئی اے کی میرٹ لسٹ کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہوچکی ہے۔
موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں سے میرٹ پر آنے والوں کی حق تلفی ہوئی جبکہ عدالت سے استدعا کی گئی غیر قانونی بھرتیوں کو روکنے اور ایف آئی میں میرٹ پر بھرتیوں کے حوالے سے حکم جاری کرے۔