کورونا کے وار جاری، سکول ایک بار پھر بند

18 Feb, 2021 | 12:13 PM

Arslan Sheikh
Read more!

جنید ریاض: سرکاری ونجی سکولوں میں کورونا ٹیسٹ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا، ٹائیفائیڈ مہم کے باعث یکم فروری سے سکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ روک دی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ونجی سکولوں میں کورونا ٹیسٹ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ٹائیفائیڈ مہم کے باعث یکم فروری سے سکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ روک دی گئی تھی، تاحال پنجاب بھر کے سکولوں میں 200 طلبا واساتذہ میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ لاہور میں 16 کورونا کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

لاہور میں 2 سے زائد کیس رپورٹ ہونے پر تین سکولوں کو 7 روز کیلئے بند کیا جاچکا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق کورونا کیس مثبت آنے پر سکول کے باقی بچوں کے بھی کورونا ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے اساتذہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر بچوں اور اساتذہ کے تقریبا 100 سے زائد ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق  ملک بھر میں اب تک 85 لاکھ 67 ہزار 761 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 543 نئے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک ہزار 272 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق اب تک 5 لاکھ 30 ہزار 597 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 666 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 پنجاب میں ایک لاکھ 65 ہزار 716، سندھ میں 2 لاکھ 54 ہزار 678، خیبر پختونخوا میں 70 ہزار 306، بلوچستان میں 18 ہزار 958، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 945، اسلام آباد میں 43 ہزار 29 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 629 کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 52 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 12 ہزار 488 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 138، سندھ میں 4 ہزار 263، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 15، اسلام آباد میں 487، بلوچستان میں 199، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 284 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 

مزیدخبریں