جی پی او چوک (عثمان الیاس) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کا بڑا اقدام، ضلعی عدلیہ میں زیرالتوا 2016 سے پچھلے پانچ سال پرانے مقدمات کو ڈیڑھ ماہ میں نمٹانے کا حکم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے سائلین و وکلاء کی سہولت کیلئے صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں 2016 تک کے زیرالتواء ہزاروں مقدمات کو 31 مارچ تک نمٹانے کا حکم جاری کردیا, چیف جسٹس محمد قاسم خان نے 31 مارچ 2021 تک کیسز نمٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ طلب کرلی.
ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی جانب سے جاری مراسلے میں صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ 31مارچ 2021 تک 2016 سے پچھلے زیرالتواء تمام سیشن و سول مقدمات کے فیصلے کیے جائیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور کی ضلعی عدالتوں میں 2016 تک کے 2 ہزار 30 سیشن مقدمات زیر التواء ہیں، سول مقدمات کی تعداد 37 ہزار 728ہے، فیصل آباد میں پانچ سال پرانے سیشن و سول مقدمات کی تعداد 190 اور چھ ہزار 490، گوجرانوالہ کی ضلعی عدالتوں میں تین ہزار سے زائد مقدمات زیر التواء ہیں۔
اسی طرح ملتان کی ضلعی عدالتوں میں 257 سیشن اور 7 ہزار کے قریب سول مقدمات، شیخوپورہ کی سول عدالتوں میں 1 ہزار 635 سے زائد مقدمات زیرالتوا ہیں، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سیشن ججز فاضل چیف جسٹس کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور ہفتہ وار پراگرس رپورٹ بھی بھیجیں گے۔