(جنید ریاض)سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم افغان طلباء کا ریکارڈ جمع ہوگا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سرکاری سکولوں میں موجود افغان طلباء کا ریکارڈ منگوا لیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سرکاری سکولوں میں موجود افغان طلبہ کا ریکارڈ منگوا لیا، پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ جمع ہوگا ، گزشتہ 25 سالوں سے سکولوں میں پڑھنے والے اور ایڈمیشن لینے والے طلبہ کا ریکارڈ دیا جائے،مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر اندر تمام ڈیٹا محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھجوایا جائے،ڈیٹا منسٹری آف افغان مجاہدین کو بھجوایا جائے گا،ڈیٹا تمام سکولوں مدراسوں اور ٹیکنکل ایجوکیشن کے اداروں سے حاصل کیا جائے گا۔
قبل ازیں نجی سکولز کے اضافی فیس وصولی سے متعلق عدالت نے فیصلہ سنایا، لاہور ہائیکورٹ نے نجی سکولوں کی جانب سے وصول اضافی فیسیں واپس کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے 2017 کے بعد نجی سکولوں کی جانب سے پانچ فیصد سے زائد بڑھائی گئی فیسوں کو کالعدم قرار دے دیا، عدالت نے فیسوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرنے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہناتھا کہ عدالت نے ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کا سکولوں کی فیسوں میں پانچ سے 8 فیصد اضافہ کا حکم کالعدم قرار دے دیا، نجی سکول فیسوں میں سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی رعایت کو واپس نہیں لے سکتے، جسٹس ساجدمحمود سیٹھی نے 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔