حسن علی: لاہور ایوان صنعت و تجارت میں جوڈیشل واٹر کمیشن کے احکامات اور زیر زمین پانی کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں صنعتوں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے اور ماحول کو صاف رکھنے پر زور دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایوان صنعت و تجارت میں ہونے والے سمینار میں لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید، ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات پنجاب تنویر وڑائچ، کنوینر قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات لاہور چیمبر تہمینہ سعید چوہدری، ڈائریکٹر ماحولیات نسیم الرحمن، امجد علی جاوا، چئیرمین پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن باؤ محمد بشیر اور گروپ لیڈر فیروزپور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن میاں عبدالرزاق سمیت دیگر نے شرکت کی۔
سیمینار میں ماحولیاتی قانون دان رافع عالم نے زیر زمین پانی کے استعمال اور واٹر ٹریٹمنٹ قوانین کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی جی ماحولیات تنویر وڑائچ کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو زیر زمین پانی کو محفوظ بنانے کے لئے سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے اور اس کے لئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ لاہور کا زیر زمین پانی صاف اور شفاف رہ سکے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے لاہور ایوان صنعت و تجارت کے نائب صدر میاں زاہد جاوید کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ باغوں کے شہر کوفضائی آلودگی سے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے اور اسی لئے لاہور چیمبر محکمہ ماحولیات اورجوڈیشل واٹر کمیشن کیساتھ مکمل تعاون کررہا ہے۔