ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں صوبائی نظرثانی بورڈ بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں بری ہونےوالے 6 ملزمان کی نظربندی میں توسیع کے لئے دائر درخواست پر کل سماعت کرے گا، ریویو بورڈ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں 3 رکنی صوبائی ریویو بورڈ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بےنظیر کے قتل کیس میں بری ہونے والے چھ ملزمان کی نظربندی میں توسیع کے لیے دائر درخواست پر 19 فروری کو سماعت کرے گا۔ ملزمان حسین گل، رفاقت علی، رشید احمد،، اعتزاز شاہ، شیر زمان اور حسنین شاہ کو بکتر بند گاڑی میں سخت سیکورٹی میں ہائیکورٹ میں نظرثانی بورڈ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے صوبائی نظرثانی بورڈ میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ ملزمان انتہائی خطرناک اور بے نظیر کے قتل میں ملوث ہیں۔ ناکافی شواہد کے باعث ٹرائل کورٹ نے انہیں بری کردیا۔ درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبائی نظرثانی بورڈ پہلے بھی ملزمان کی نظربندی میں3 ماہ کی توسیع کی منظوری دے چکا ہے جو 25 فروری کو ختم ہورہی ہے۔ ملزمان انتہائی خطر ناک ہیں اور انہیں رہا کرنے سے امن و امان کا خطرہ ہے۔