سعدیہ خان: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اورسینیٹر فرحت اللہ بابر کا عاصمہ جہانگیر کے اہل خانہ سے اظہار افسوس، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر چاہتے ہیں۔ کوئی غیر جمہوری اقدام قبول نہیں کریں گے۔ انکی نااہلی کا فیصلہ انکے نہیں پارلیمنٹ کے خلاف تھا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عاصمہ جہانگیر کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین جمہوریت اور آئین کی بالادستی کا ساتھ دیا ہے۔ آئین میں اگر کوئی سقم ہیں تو وہ پارلیمنٹ ہی ختم کر سکتی ہے۔ معاملات آئین و قانون کے دائرے میں رہ کرحل کئے جائیں تو محاذ آرائی نہیں ہوگی۔
لودھراں الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ووٹ متعلق پوچھے گئے سوال پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لودھراں کا انتخاب نون اور پی ٹی آئی کے درمیان میں تھا۔ پیپلز پارٹی تو آُخری وقت میں آئی۔ کیا پیپلز پارٹی نے مظفر گڑھ سے حنا ربانی کھر کے والد کا قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب نہیں جیتا؟ منظور وٹو کا بیٹا بھی صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوا تھا۔
عاصہ جہانگیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی اور فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ عاصمہ انسانی حقوق ہی نہیں خواتین کی مضبو ط آواز تھی۔ مرحومہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔