ویب ڈیسک : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم ٹیوب ویلز سولرائزیشن پراجیکٹ کے لیے 14 ارب روپے کی منظوری دے دی ۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعظم ٹیوب ویلز سولرائزیشن پراجیکٹ کے لیے 14 ارب روپے کی منظوری دے دی گئی، ساتھ ہی واٹر انفرا اسٹرکچر منصوبے کے لیے 10 ارب روپے کی گرانٹ بھی منظور کرلی گئی۔
ای سی سی نے درآمدی یوریا پر سبسڈی کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری منظور کرلی ۔ وزارت خزانہ کے مطابق صوبائی حکومتیں درآمدی یوریا کی 50 فیصد سبسڈی ادا کریں گی۔
اجلاس میں پاکستان سوشل امپیکٹ بانڈ کے اجراء کے لیے ایک ارب روپے کی گارنٹی جاری کرنے کی منظوری دی گئی، ساتھ ہی پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کو ایک ارب 88 کروڑ روپے کی منظوری بھی دے دی گئی ۔اس کےعلاوہ وزارت داخلہ ڈیجیٹل ایکانومی کے فروغ کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، پرال کی ری اسٹرکچرنگ کی منظوری دیدی گئی ۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے لیے 52 ارب روپے کی گرانٹ، اور وزارت قانون اور زرعی ترقیاتی بینک کے لیے ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دیدی گئی ۔