مری کے شہریوں کو ان کی تعمیر شدہ عمارت کو گرانے کا کہا جا رہا ہے، راجہ پرویز اشرف

18 Dec, 2024 | 03:24 PM

ویب ڈیسک : پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے مری کے شہریوں کو اتنا تنگ کیا جا رہا ہے کہ وہ سراپا احتجاج ہیں، یہ مسئلہ کسی بھی وقت تشویشناک صورتِ حال اختیار کر سکتا ہے ۔ 

راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مری ایک منفرد حیثیت کا حامل ہے، جب عمارتیں زیر تعمیر تھیں تو یہ محکمۂ جات کہاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین نے مجھے جو صورتِ حال بتائی وہ انتہائی تشویشناک ہے، مری کے شہریوں کو ان کی تعمیر شدہ عمارت کو گرانے کا کہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، جو سابق اراکین اسمبلی مری گئے ان پر بھی انتظامیہ نے ایف آئی آر کاٹی، اس صورتِ حال کو فوری طور پر سمجھنے کی کوشش کی جائے، جتنی بھی ایف آئی آرز کاٹی گئی ہیں ان کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مری کی انتظامیہ اس ساری صورتِ حال کی ذمے دار ہے، انتظامیہ کو اس مسئلے کا فوری طور پر حل نکالنا چاہیے تھا، یہاں کہا جا رہا ہے کہ جو لوگ پیسے دیتے ہیں ان کی عمارتوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ کسی بھی وقت تشویشناک صورتِ حال اختیار کر سکتا ہے، میرا تعلق اسی خطے سے ہے اس لیے میری ذمے داری تھی کہ آپ سب تک بات پہنچائی جائے، علاقے کے سیاسی قائدین کے خلاف ایف آئی آرز کی جائیں گی تو مسئلے کو حل کون کرے گا، اس مسئلے پر جن لوگوں نے رشوت لی ہے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ 

مزیدخبریں