عرفان ملک: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور نیشنل کرائمز بیورو (این سی بی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران 6 خطرناک اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں مقدمات درج تھے۔
گرفتار ہونے والے ملزمان میں بابر وسیم، تاج رسول، عبد الحسیب خان، قیصر محمود، ندیم افضل اور محمد ذیشان شامل ہیں۔ ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے اور انٹرپول کی ٹیموں نے کامیاب کارروائی کی۔
ملزم بابر وسیم اور عبد الحسیب خان سال 2022 سے لاہور پولیس کو مطلوب تھے، جب کہ ملزم قیصر محمود سال 2014 سے گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم ندیم افضل 2021 سے گجرات پولیس کے ہاتھوں مطلوب تھا۔
تمام گرفتار ملزمان کو یو اے ای سے گرفتار کر کے لاہور ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق یہ ملزمان قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث تھے اور ان کے بیرون ملک فرار ہونے کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
ایف آئی اے نے ان سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور اس کارروائی سے عدالت میں مزید مقدمات کی تکمیل کی راہ ہموار ہو گی۔ ایف آئی اے نے اس کامیابی کے بعد مزید کارروائیاں کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ایف آئی اے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مزید معلومات کے لیے ایف آئی اے کے قریبی دفاتر سے رابطہ کریں۔