امتحانی نظام میں کرپشن کو پاک بنانےکیلئے شکایت پورٹل کا قیام 

18 Dec, 2024 | 10:13 AM

جنید ریاض:پنجاب حکومت نے صوبے کے تعلیمی بورڈز کے امتحانی نظام میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر شکایات کے حل کے لیے ایک آن لائن پورٹل قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے والدین اور طلباء اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔

بی آئی ایس ای کمپلینٹ سیل ڈاٹ گورنمنٹ پر شکایت درج کرنے کے لیے آن لائن پورٹل فعال کر دیا گیا ہے۔ اس پورٹل پر جاکر طلباء اور والدین امتحانات میں ہونے والی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا نقل کے متعلق شکایت درج کروا سکتے ہیں۔

والدین اور طلباء کے لیے شکایت درج کرانے کا عمل مزید آسان بنایا گیا ہے۔ وہ زیروفار ٹو، ٹرپل ون، ڈبل ون، ٹونٹی، ٹونٹی پر کال کرکے بھی امتحانات سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں نقل کے معاملات کی روک تھام اور امتحانی نظام کو شفاف بنانا ہے۔

بورڈ حکام نے واضح کیا ہے کہ شکایات کے نتیجے میں اگر کسی امتحانی عملے کے افراد کو نقل کروانے میں ملوث پایا گیا، تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ اقدام پنجاب کے تعلیمی نظام میں اصلاحات لانے اور طلباء کے لئے ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اس اقدام کو تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور کرپشن کے خلاف جنگ میں ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کے ذریعے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا اور تعلیمی اداروں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں