راؤ وقاص احمد: ساندہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 02 بدنام زمانہ ہیروئن فروشوں کو گرفتار کر لیا ۔ یہ ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں، مارکیٹوں اور بازاروں میں ہیروئن فروخت کرتے تھے اور نوجوان نسل کو اس لعنت کا شکار بناتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان انعام اللہ اور احتشام سے مجموعی طور پر 02 ہزار 30 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، جس کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن بلال احمد نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کے لئے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی بلال احمد نے ساندہ پولیس کی ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی بربادی کا سبب بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
ملزمان انعام اللہ اور احتشام کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور مزید تفصیلات کے لئے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے اس کارروائی کو لاہور میں منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔