پہاڑوں پر بارش اور برفباری ،سردی میں مزید اضافے کی پیشگوئی

18 Dec, 2024 | 09:19 AM

اقصی شیخ، کومل اسلم:ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہےتاہم کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

شہر لاہور  کا موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور ہوائیں چلنے کے سبب سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ  آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی کی صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فضائی آلودگی سے بچا جا سکے۔لاہور میں فضائی آلودگی کا شدید بحران جاری ہے، ائیر کوالٹی انڈیکس  کی مجموعی شرح 264 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس اضافے کے ساتھ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی بلند ہے، جن میں فیز 8 ڈی ایچ اے کی شرح 770، چٹھہ پارک میں 740، جوہر ٹاؤن میں 642 اور عسکری ٹین میں 566 ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہر قائد میں  24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔شمال مشرق سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو مزید سردی کا باعث بن سکتی ہیں۔کراچی میں فضائی آلودگی کا شکار ہے، جہاں دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی کا نمبر دسویں ہے۔ اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) کے مطابق، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے، جو صحت کے لیے مضر ہیں۔کراچی کے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ فضائی آلودگی سے بچ سکیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ اور گرد و نواح میں مطلع جزوی آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پنجاب کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ شام/رات میں ہلکی بارش/بونداباندی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شام/رات میں چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

مزیدخبریں