(علی رامے)وزیراعلیٰ محسن نقوی سے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کی ملاقات، ملاقات میں معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ملاقات میں کہا کہ کسان کو سبسڈی اورآسان قرضے دے کر زیادہ پیداوار کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں، زیادہ پیداوار کیلئے چھوٹے کسان پر مالی بوجھ کم سے کم کرنا ضروری ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ زراعت اوردیگر شعبوں میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری سے عوام مستفید ہوں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب میں کاٹن کی ریکارڈ پیداوار سے 2ارب ڈالرکاذرمبادلہ بچے گا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب میں چاول کی ایکسپورٹ دو ارب ڈالر سے بڑھ رہی ہےاورسرمایہ کاروں اورصنعتکاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جبکہ سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مثبت اثرات کا حامل ہوگا۔
گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں زراعت دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے قابل قدر اقدامات کیے ہیں جس میں کاٹن،چاول اوردیگر فصلوں کی بہتر پیداوار سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔