(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان تاریخ پر تاریخ ، تاریخ پر تاریخ مت دو ، استعفے دو اور ہماری جان چھوڑو۔
کراچی وسطی میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان ! لوگ جانتے ہیں کہ تم کس کے ایجنڈے پر کام کرتے ہو ، تم کام کرتے ہو تو بھارت خوش ہوتا ہے، بلاول جب بات کرتا ہے تو بھارت کی حکومت کو آگ لگتی ہے۔
سعید غنی کا چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان تاریخ پر تاریخ، تاریخ پر تاریخ مت دو ، استعفے دو اور جان چھوڑو۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر جو لوگ کراچی والوں سے ووٹ لے کر گئے انھوں نے آپ کے لیے کچھ نہیں کیا۔
ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں ماؤں بہنوں کی جلسے میں شرکت سے ثابت ہوگیا ہے کہ ضلع وسطی جیالوں کا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے جمعے 23 دسمبر کو دونوں صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ یہ بھی کہا کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے ہم 123 اراکین قومی اسمبلی جائیں گے اور استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر سے منظوری کا مطالبہ کریں گے۔