ویب ڈیسک : وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق اپنی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جن میں دالیں، لکڑی، بجلی اورگرم مصالحہ جات سمیت دیگر شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بجلی کے فی یونٹ میں 7 پیسے کا اضافہ ہوا جب کہ دال مسور کی فی کلو قیمت 7 روپے 98 پیسے بڑھ گئی۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق دال مسور کی فی کلو قیمت اضافے کے بعد 194 روپے سے بڑھ کر 202 روپے 20 پیسے ہو گئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جن میں دالیں، لکڑی، بجلی اورگرم مصالحہ جات سمیت دیگر شامل ہیں۔گرم مصالحہ جات کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 17 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جب کہ لکڑی فی من 7 روپے 12 پیسے بڑھ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آلو 8 روپے 74 پیسے فی کلو، برائلر مرغی 12 روپے 39 پیسے فی کلو اور ٹماٹر 10 روپے 77 پیسے فی کلو سستے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تازہ دودھ، دہی اور کوکنگ آئل سمیت 19 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔