( اکمل سومرو ) ایچی سن کالج کا آئندہ سال محدود کلاسز میں داخلے کرنے کا فیصلہ، صرف کے ون، کے ٹو اور ای ٹو کلاسز میں داخلے کیے جائیں گے۔
پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن نے نئی داخلہ پالیسی جاری کر دی ہے۔جس کے تحت آئندہ سال صرف تین جماعتوں میں داخلے کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ کے ون کلاس کیلئے 30 نشستیں رکھی گئی ہیں۔ کے ون کلاس میں لاہور کے علاوہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی داخلوں کیلئے اہل ہوں گے۔
کے ٹو کلاس میں 181 طلباء کا داخلہ ہو گا جس میں گیارہ نشستیں بورڈنگ کیٹیگری کے لیے مخصوص ہوں گی۔ ای ٹو کلاس کے 81 طلباء میں صرف 2 طلباء کو بورڈنگ کیٹیگری کے تحت داخل کیا جائے گا۔
دوسری جانب یونیورسٹیز کے اپنے وضع کردہ قوانین کا خاتمہ، 2002ء کے بعد قائم شدہ یونیورسٹیوں میں کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کے عہدوں پر تقرریوں کے نئے قوانین تیار کر لیے گئے۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کے عہدوں کیلئے نئے قوانین مرتب کیے گئے ہیں۔رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کے عہدوں پر تقرریوں کی اہلیت کے یکساں قوانین کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کی گئی ہے۔پنجاب میں 2002ء کے بعد قائم شدہ یونیورسٹیوں کے ایکٹ میں مذکورہ عہدوں کے قوانین واضح نہیں تھے، محکمہ کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کے مطابق رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کے عہدوں کو 20 ویں گریڈ کے سرکاری آفیسرز کے برابر مراعات میسر ہوں گی۔
رجسٹرار اور کنٹرولر کیلئے ایم اے ڈگری کے ساتھ 12 سالہ تجربہ، ایم فل ڈگری کے ساتھ 10 سالہ تجربہ کی شرط ہوگی، مذکورہ عہدوں کیلئے پی ایچ ڈی ڈگری کے ساتھ 8 سالہ تجربہ کی شرط عائد ہوگی۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، ایجوکیشن یونیورسٹی، گجرات یونیورسٹی، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اور سرگودھا یونیورسٹی میں یکساں قوانین لاگو ہوں گے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب سے قوانین کی منظوری کیلئے سمری ارسال کر دی ہے۔