(عابد چوہدری ) سرکاری نوکری کاجھانسہ دے کرنوجوان کا گردہ نکالنے والے جنرل ہسپتال کے دو ملازمین نزیر اور بشیر کو کاہنہ پولیس نے گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق کاہنہ کے رہائشی نوجوان بلال کو جنرل ہسپتال کے ڈرائیور نے سرکاری نوکری کا جھانسہ دیا اور پھر اسے اغوا کر کے اس کا گردہ نکال لیا ۔ کاہنہ پولیس نے جنرل ہسپتال کے ڈرائیور نزیر کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم نزیر کی نشاندہی پر بشیر کو گرفتار کیا گیا اور مرکزی ملزم نزیر کا ساتھی بشیر بھی جنرل ہسپتال کا ملازم ہے ۔دوران تفتیش ملزمان نے متاثرہ نوجوان بلال کو 32 لاکھ دینے کا اعتراف کیا ۔
ملزمان کا ابتدائی تفتیش میں کہنا ہے کہ نزیر اور بشیر متاثرہ نوجوان کو اغوا کر کے اسلام آباد لیکر گئے جہاں ملزمان نے اسلام آباد میں متاثرہ نوجوان بلال کا گردہ نزیر کے بھائی کو لگوایا اور پھر اسے واپس لاہور چھوڑ دیا ۔ایس پی انویسٹی گیشن بلال قیوم کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ خاتون سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔