وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹورازم فار اکنامک گروتھ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا

18 Dec, 2020 | 03:34 PM

Shazia Bashir

قیصر کھوکھر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹورازم فار اکنامک گروتھ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا، وزیراعلیٰ نے پنجاب کے 6 سیاحتی مقامات پر روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

 

 تفصیلات کے مطابق   وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کے 6 سیاحتی مقامات پر روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، منصوبہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ کو سیاحتی مقامات پر سڑکو کی تعمیر کے منصوبے بارے بریفنگ دی۔

ورلڈ بنک اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب کے اشتراک سے 83کروڑ روپے سے 6 سیاحتی مقامات پر روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا،  اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 35کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرو بحالی اور توسیع کے منصوبے پہلے مرحلے میں مکمل کئے جائیں گے۔

سالٹ رینج میں چکوال، خوشاب اور میانوالی پر مشتمل ٹورازم زون کو ڈویلپ کیا جارہاہے، جبکہ کوٹلی ستیاں، چکوال، جہلم، سون ویلی، میانوالی، اٹک، فورٹ منرو اور کوہ سلیمان میں نئے سیاحتی مراکز متعارف کرائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں کوٹلی ستیاں میں سیاحت کو فروغ دیں گے،  جبکہ جہلم، ملتان، بہاولپور اور دیگر علاقوں میں بھی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام کو سیروتفریح کی سہولت فراہم کرنے کیلئے پنجاب کے مختلف دریاؤں اور جھیلوں پر ریزارٹس قائم کئے جا رہے ہیں، اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور عالمی بینک کے عہدیداران، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ حکام سمیت دیگر موجود تھے۔

مزیدخبریں