حافظ شہبازعلی: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا، تمام صوبائی کوچز اجلاس میں مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دیں گے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد مستقبل کی حکمت عملی بنانے اور قائد اعظم ٖٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعد قومی کرکٹرز کو مصروف رکھنے کی منصوبہ بندی تیار کرنے کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس کراچی میں طلب کرلیا گیا۔ اجلاس میں سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش سیریزکے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔
اجلاس میں تمام کوچز قائد اعظم ٹرافی میں کھلاڑیوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے جبکہ قائد اعظم ٹڑافی کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے ڈسپلن کے حوالے سے معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق تمام کوچز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قائد اعظم ٹرافی کے اختتام اورآف سیزن میں کھلاڑیوں کو مصروف رکھنے کے لئے اپنا پلان دیں ، اجلاس میں کوچز نئے سٹرکچر میں بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی دیں گے۔
تمام صوبائی کوچز کے ساتھ ساتھ سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر ندیم خان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔